دوسرے صوبوں کے امیدواروں کا سندھ کے جعلی ڈومیسائل پر سی ایس ایس پاس کرکے بڑے عہدے لینے کا انکشاف

سندھ کے جعلی ڈومیسائل اور دستاویزات پر دوسرے صوبوں کے افراد کی جانب سے ملازمت کوئی نئی بات نہیں، تاہم اب سی سی ایس امیدواروں کا بھی سندھ کے جعلی ڈومیسائل پر اعلی ملازمتیں حاصل کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق سندھ کے ڈومیسائل پر دیگر صوبوں کے امیدواروں کا جعلی طریقے سے ڈومیسائل بنواکر سی ایس ایس امتحان پاس کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔

دیگر صوبوں کے امیدواروں کی جانب سے سندھ کے جعلی ڈومیسائل بنوانے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے صوبے بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو لکھے گئے مراسلے میں محکمہ داخلہ نے متعدد امیدواروں کے ڈومیسائل دوبارہ چیک کرنے کا حکم دے دیا۔

مراسلے کے مطابق جعلی طریقے سے سی ایس ایس پاس کرکے اسسٹنٹ کمشنر بننے والوں کے ڈومیسائل کی تحقیقات کی جائے۔

محکمہ داخلہ سندھ نے مراسلے میں معاملے کی جلد تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔