سندھ کے ساحلی علاقوں میں طوفان کا الرٹ جاری، لوگوں کو تیار رہنے کی ہدایات

محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے سندھ کی ساحلی پٹی پر طوفان کا الرٹ جاری کر تے ہوئے علاقہ مکینوں کو ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ہدایات کردیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں بھارت کے رن آف کچھ کے علاقے کے اوپر ہواؤں کا شدید دباؤ موجود ہے، ہواؤں کا یہ سلسلہ سندھ کی ساحلی پٹی کی جانب آج رات یا کل تک پہنچ سکتا ہے۔
ہواؤں کے اس دباؤ سے سائیکلون طوفان آنے کا خدشہ ہے جب کہ ہواؤں کے اس دباؤ کے وجہ سے سندھ کے علاقوں تھر پارکر، بدین، حیدر آباد، کراچی سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں شدیدبارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈیپ ڈپریشن کراچی کے جنوب مشرق میں 270 کلو میٹر دوری پر موجود ہے، اب تک سسٹم خشکی پر موجود ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ان دنوں سمندر میں درجہ حرارت اور ماحول سازگار ہے، امکان ہے کہ کل یہ ڈیپ ڈپریشن سمندر میں داخل ہوگا، طوفان بننے کی صورت میں کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ طوفان کے باعث سمندر میں طغیانی کا خدشہ ہے، طغیانی بڑھنے سے ساحلی علاقے ابراہیم حیدری،مبارک ولیج میں آبادی میں پانی آسکتا ہے۔