سیہون کے بعد میہڑ کے 60 دیہات بھی ڈوب گئے، سندھ بھر میں بارشیں جاری

مسلسل بارشوں اور بالائی علاقوں سے سیلابی ریلوں کی آمد کی وجہ سے ضلع جامشورو کی تحصیل سیہون کے بعد دادو ضلع کی تحصیل میہڑ کے بھی 60 دیہات ڈوب گئے۔

سندھ سمیت ملک بھر میں گزشتہ دو ہفتوں سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جس وجہ سے سندھ کے تینوں بیراجوں سکھر، گڈو اور کوٹڑی میں بھی پانی کی سطح زیادہ ہونے سے درمیانے درجے کے سیلاب کا خطرہ برقرار ہے۔

بارشوں اور دوسرے صوبوں سے سیلابی ریلوں کی آمد کی وجہ سے سیہون کے 50 دیہاتوں کے ڈوب جانے کے بعد میہڑ کے بھی 60 دیہات ڈوب گئے جب کہ علاقے میں بارشوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

سندھ کے تقریبا تمام ڈویژنز میں بارشیں جاری ہیں۔ اس وقت حیدرآباد ڈویژن کے مختلف علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنز کے متعدد اضلاع میں بھی بارش نے تباہی مچادی ہے۔

کراچی ڈویژن میں بھی بارشیں جاری ہیں، جس وجہ سے صوبے بھر میں نظام زندگی تعطل کا شکار ہے جب کہ تعلیمی اداروں کو بھی عارضی طور پر بند کیا گیا یے۔