محکمہ تعلیم سندھ کا غیر حاضر تمام ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا فیصلہ

محکمۂ تعلیم سندھ نے سرکاری اسکولوں کے غیر حاضر تمام ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کر لیا۔

محکمہ تعلیم سندھ کے اعلی حکام نے صوبے بھر سے غیر حاضر اساتذہ سمیت دیگر ملازمین کی حتمی لسٹ طلب کر لی۔

تمام ڈسٹرکٹ، تعلقہ ایجوکیشن افسران کو دو روز میں حتمی ڈیٹا فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر حاضر ملازمین نے وارننگ کے باوجود متعلقہ افسران سے رابطہ نہیں کیا، وفاقی تحقیقاتی ادر ایف آئی اے نے محکمہ تعلیم کو بیرون ملک میں مقیم ملازمین کا ڈیٹا دیا تھا۔

غیر حاضر اساتذہ اور ملازمین کئی سالوں سے گھر بیٹھے تنخواہیں وصول کر رہے ہیں، محکمہ تعلیم کے مانیٹرنگ سیل اور ایف آئی اے کی مدد سے غیر حاضر ملازمین کا پتہ لگایا گیا۔

چند دن قبل ڈائریکٹر جنرل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیو ایشن محکمہ تعلیم سندھ نے بتایا تھا کہ سندھ بھر کے اسکولوں میں تعینات 58 اساتذہ بیرون ملک ہیں اور ہر ماہ تنخواہ بھی وقت پر لے رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا تھا کہ ایف آئی اے سے تصدیق شدہ اساتذہ کی رپورٹ سیکریٹری تعلیم کو بھیجی ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ اس سے قبل محکمہ تعلیم سندھ میں 6 ہزار 342 گھوسٹ اساتذہ کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد اساتذہ کیخلاف کارروائی کے لئے سمری وزیر تعلیم کو بھجوادی گئی تھی۔