کراچی پریس کلب میں خواتین صحافیوں کو بریسٹ کینسر کی ابتدائی تشخیص کے طریقے سکھانے کا اہتمام

کراچی پریس کلب میں بریسٹ کینسر کی آگاہی کے سیمینار میں خواتین صحافیوں کو بریسٹ کینسر کی ابتدائی تشخیص کے طریقے اور علامات سکھائی گئیں۔
کراچی پریس کلب اور ڈاکٹر فرحان عیسیٰ لیب کے تعاون سے پروفیسر شاہدہ قاضی ویمن کمپلیکس میں ممبر گورننگ باڈی مونا صدیقی کی سربراہی میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے حوالے سے سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
اس سیشن میں ڈاکٹر رابعہ زبیر، ایسوسی ایٹ پروفیسر آف سرجری، کنسلٹنٹ بریسٹ، لیپروسکوپک اور جنرل سرجن (MBBS – DUHS, FCPS – سرجری)، منیمل ایکسیس سرجری میں فیلوشپ (UAE، CHPE – JSMU) نے خواتین ممبران کو بریسٹ کینسر اور اس بیماری سے بچاؤ کے طریقے اور خود سے معائنہ کرنے کے حوالے سے مفید معلومات فراہم کیں۔
سیشن کے بعد سوال و جواب کا سلسلہ بھی رکھا گیا جس میں ڈاکٹر رابعہ زبیر نے خواتین کے سوالات کے جوابات دیے اور انہیں بیماری کے ابتدائی مراحل میں تشخیص کے طریقے سکھائے۔
پروگرام کے اختتام پر سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے ڈاکٹر رابعہ زبیر کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔
اس موقع پر سیکریٹری کراچی پریس کلب کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ خواتین کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی۔
خواتین کے لیے ایسے آگاہی سیشنز کا انعقاد اور ویمن کمپلیکس کا قیام اس بات کا ثبوت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے معلوماتی سیشنز خواتین کے لیے نہایت اہم ہیں، تاکہ وہ اپنی صحت سے متعلق باخبر رہیں اور اس آگاہی کو دوسروں تک بھی پہنچان سکیں۔