سندھ کلچرل فوٹوگرافی ورکشاپ، ثقافتی ورثے کی عکاسی کی تربیت
سمبارا آرٹ گیلری کراچی میں کلچر ڈپارٹمنٹ، حکومتِ سندھ کے تعاون سے ایک روزہ سندھ کلچرل فوٹوگرافی ورکشاپ 2026 کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد سندھ کی ثقافت، روایات اور تاریخی ورثے کی فوٹوگرافی کے ذریعے دستاویز سازی کو فروغ دینا اور نئے فوٹوگرافروں کو جدید تکنیکوں سے روشناس کرانا تھا۔
ورکشاپ کا آغاز آرگنائزرز صبا ابڑو اور غازی حسین میمن کی جانب سے شرکاء کے لیے استقبالیہ کلمات سے ہوا۔ اس موقع پر شرکاء کو ورکشاپ کے اغراض و مقاصد اور ثقافتی ورثے کی فوٹوگرافی کی اہمیت سے آگاہ کیا گیا۔
ورکشاپ کے پہلے سیشن میں فوٹوگرافی کی تاریخ اور ثقافتی ورثے کی بصری دستاویز سازی کے موضوع پر سیشن منعقد ہوا، جس میں میمن انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے سینئر استاد جناب عدنان عزیز نے اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے فوٹوگرافی کے ارتقا، ثقافتی ورثے کو محفوظ کرنے میں فوٹوگرافی کے کردار اور مؤثر بصری دستاویز سازی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
دوسرے سیشن میں پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا، جس کی میزبانی اور نظامت علی رضا جلبانی نے کی۔ پینل میں معروف فوٹو جرنلسٹ اور کلچرل فوٹوگرافر ایس۔ ایم۔ رفیق اور معروف فوٹوگرافی ٹرینر محمد طلحہٰ غوری نے شرکت کی۔ پینل ڈسکشن کے دوران ایس۔ ایم۔ رفیق کی جانب سے سندھ کے مختلف علاقوں اور ثقافت کی عکاسی پر مشتمل تصاویر پیش کی گئیں، جن پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ جبکہ محمد طلحہٰ غوری سے ثقافتی فوٹوگرافی میں استعمال ہونے والی جدید تکنیکوں، کمپوزیشن اور عملی فوٹوگرافی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی گئی۔
ورکشاپ کے تیسرے اور آخری سیشن میں عملی ثقافتی فوٹوگرافی کا انعقاد کیا گیا، جس میں محمد طلحہٰ غوری نے شرکاء کو عملی اور تکنیکی انداز میں فوٹوگرافی کی تربیت فراہم کی۔ اس موقع پر ٹی وی آرٹسٹ نادر حسین کو سندھی ثقافتی لباس میں بطور ماڈل پیش کیا گیا، جہاں نئے اور ابھرتے ہوئے فوٹوگرافروں نے عملی طور پر فوٹو شوٹ میں حصہ لیا اور روشنی، کیمرہ اینگل، کمپوزیشن اور پورٹریٹ فوٹوگرافی کی تکنیکوں کو آزمایا۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل کلچر ڈپارٹمنٹ، حکومتِ سندھ، جناب حبیب اللہ میمن نے خطاب کیا۔ انہوں نے سندھ کی ثقافت اور ثقافتی ورثے کو فوٹوگرافی کے ذریعے محفوظ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ورکشاپ کے انعقاد کو سراہا اور مستقبل میں بھی اس نوعیت کے پروگرامز کے انعقاد میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر ورکشاپ میں شریک تمام فوٹوگرافروں اور شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ ورکشاپ کے منتظمین کے مطابق اس طرح کے پروگرامز کا مقصد نوجوان اور نئے فوٹوگرافروں کو پلیٹ فارم فراہم کرنا اور سندھ کے ثقافتی ورثے، فنون، روایات اور تاریخی مقامات کو جدید فوٹوگرافی کے ذریعے محفوظ اور اجاگر کرنا ہے