پاکستان انفارمیشن سینٹر کا موبائل جرنلزم پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کراچی میں کرانے کا اعلان
فائل فوٹو: پاکستان انفارمیشن سینٹر، کراچی
(اسٹاف رپورٹر، کراچی) وزارت اطلاعات و نشریات کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے پروجیکٹ پاکستان انفارمیشن سینٹر (پی آئی سی) کے تحت موبائل جرنلزم پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ آئندہ ہفتے کراچی میں منعقد ہوگی۔
پی آئی سی کی جانب سے سال 2023 کی پہلی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوٹل مہران میں 16 اور 17 فروری کو ہوگا، جس میں دارالحکومت سمیت صوبے بھر سے تربیت کے لیے صحافی شرکت کریں گے۔
دو روزہ ورکشاپ کے دوران صوبے کے مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز اور ویب سائٹس کے صحافیوں کو ‘موبائل جرنلزم’ کے بارے میں تربیت دی جائے گی۔ ورکشاپ کے دوران صحافیوں کو تیز اور جدید ٹولز استعمال کرکے بروقت رپورٹنگ کرنے کی تربیت دی جائے گی۔
ٹریننگ کے دوران شرکا کو موبائل جرنلزم کے ذمہ دارانہ استعمال، فیک نیوز کی حوصلہ شکنی اور موبائل جرنلزم کا ذمہ وار شہری کے طور پر استعمال بھی سکھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان انفارمیشن سینٹر کے تحت کراچی پریس کلب میں اکنامکس رپورٹنگ پر تربیت کا انعقاد
دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران ماسٹر ٹرینر کی خدمات موجو پاکستان کے بانی ایاز خان ادا کریں گے جب کہ کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی سمیت دیگر صحافی شرکا کو اہم تجاویز اور ٹپس بھی فراہم کریں گی۔
دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر صحافیوں کو اسناد بھی فراہم کی جائیں گی اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پبلک ریلیشنز (پی آر) پی آئی ڈی میڈم ارم تنویر تربیت کنندگان کو اسناد جب کہ مہمان خصوصی اور ٹرینر کو شیلڈز پیش کریں گی۔
یاد رہے کہ پاکستان انفارمیشن سینٹر کراچی کی جانب سے اگرچہ سال 2023 کی یہ پہلی تربیتی ورکشاپ ہوگی، تاہم سینٹر کی جانب سے دسمبر 2022 کے اختتام پر بھی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا تھا۔
پی آئی سی کراچی کی جانب سے گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف تربیتی ورکشاپس کے دوران تقریبا 350 صحافیوں کو ترربیت فراہم کی جا چکی ہے جب کہ پی آئی سی تربیتی پروگرامز کے ذریعے مزید صحافیوں کو تربیت فراہم کرنے کا عزم بھی رکھتا ہے۔