ایس یو پی کے سکھر سے کراچی تک پیدل مارچ کا آغاز

فوٹو: ایس یو پی

سندھ کے حقوق کے لیے سندھ یونائیٹڈ پارٹی (ایس یو پی) کی جانب سے شمالی سندھ کے سب سے بڑے شہر سکھر سے دارالحکومت کراچی کے لیے پیدل مارچ کا آغاز کردیا گیا۔

سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ کی قیادت میں پیدل سندھ مارچ کا آغاز سکھر میں ہیموں کالانی چوک سینٹرل جیل شالمیار سے بدھ 15 فروری کو دن 12 بجے شروع ہوا،

اس حوالے سے سید زین شاہ نے اپنی ٹوئٹ کے ذریعے بھی آگاہ کیا کہ ان کا پیدل سندھ مارچ سکھر سے شروع ہوگیا۔

علاوہ ازیں  سیکریٹری اطلاعات سندھ یونائیٹڈ پارٹی خواجہ نوید امین نے پیدل مارچ کے آغاز بتایا کہ سندھ مارچ پیپلز پارٹی کی خراب حکمرانی، کرپشن، مہنگائی، بے روزگاری، بدحالی، اور جان بوجھ کرپیدا کئے گئے سیلاب کے ذریعے سندھ کی سیاسی معاشی اور سماجی تباہی کے خلاف ہے، پیدل سندھ مارچ سکھر سے 33دن میں مختلف شہروں سے ہوتا ہوا کراچی پہنچے گا۔

پیدل مارچ کے آغاز پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے زین شاہ نے کہا کہ گزشتہ 15 سالوں سے پیپلز پارٹی کے نام پر راج قائم ہے، سندھ کو تباہ و برباد کر دیا گیا ہے، 2010ء کا سیلاب ہو یا 2022 ء کا سیلاب، سندھ کو ڈبو کر دنیا سے اربوں روپے لے جا چکے ہیں، لیکن سندھ اور سندھی عوام کی حالت نہیں بدلی ہے، اورنہ کوئی بہتری آئی ہے بلکہ مزید خراب ہوئی ہے۔

سید زین شاہ کا کہنا تھا کہ لالچی اور کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچا دیا گیا ہے، سندھ کی خاطر جدوجہد کرنا ہو گی، بے ایمان کرپٹ سیاست دانوں نے ہر پرامن راستے سے بلاک کر دیا ہے،سیاسی وسماجی جماعتیں ظالموں کا احتساب کرنے کیلیے ہمارا ساتھ دیں۔سید زین شاہ نے کہا کہ چند روز قبل سکھر میں ہمارے محنتی رہنما حسیب جونیجو کو بے دردی سے قتل کیا گیا، ایس ایس پی سکھر کی یقین دہانی کے باوجود دیگر ملزمان کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ ہی حقائق سامنے آئے ہیں، ہم کسی صورت خاموش نہیں بیٹھیں گے۔