پاکستان انفارمیشن سینٹر کے تحت کراچی میں موبائل جرنلزم پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
موبائل جرنلزم ورکشاپ کے شرکا کی گروپ تصویر
وزارت اطلاعات و نشریات کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے پروجیکٹ پاکستان انفارمیشن سینٹر (پی آئی سی) کے تحت کراچی کے نجی ہوٹل میں موبائل جرنلزم پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔
پی آئی سی کی جانب سے سال 2023 کی پہلی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوٹل مہران میں 16 اور 17 فروری کو کیا گیا، جس میں دارالحکومت سمیت صوبے بھر سے تربیت کے لیے صحافیوں، سٹیزن جرنلسٹس، میڈیا کے طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی جب کہ متعدد افراد نے تربیتی پروگرام سے آن لائن بھی استفادہ حاصل کیا۔
تربیتی ورکشاپ کو دونوں دن آن لائن بھی دکھایا گیا جس سے طلبہ، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور صحافیوں نے فائدہ حاصل کیا۔
دو روزہ ورکشاپ کے دوران صوبے کے مختلف اخبارات، ٹی وی چینلز اور ویب سائٹس کے صحافیوں، مختلف یونیورسٹیز کے طلبہ، صحافت کے اساتذہ اور سٹیزن جرنلسٹس کو ‘موبائل جرنلزم’ کے بارے میں تربیت دی گئی۔ ورکشاپ کے دوران صحافیوں کو تیز اور جدید ٹولز استعمال کرکے بروقت رپورٹنگ کرنے کی تربیت دی گئی۔
ٹریننگ کے دوران شرکا کو موبائل جرنلزم کے ذمہ دارانہ استعمال، فیک نیوز کی حوصلہ شکنی اور موبائل جرنلزم کا ذمہ وار شہری کے طور پر استعمال بھی سکھایا گیا۔
دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے دوران ماسٹر ٹرینر کی خدمات موجو پاکستان کے بانی ایاز خان نے نبھائیں جب کہ کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد سمیت دیگر مہمانان نے شرکا کو اہم تجاویز اور ٹپس بھی فراہم کیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان انفارمیشن سینٹر کا موبائل جرنلزم پر دو روزہ تربیتی ورکشاپ کراچی میں کرانے کا اعلان
تربیتی ورکشاپ میں پی آیی ڈی کے افسران سمیت وزارت اطلاعات و نشریات کے ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک اینڈ میڈیا پبلیکیشنز (ڈیمپ)، ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکسان (اے پی پی) اور ریڈیو پاکستان کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
پی آئی ڈی کے ڈائریکٹر خالد معراج عباسی، ڈپٹی ڈائریکتر نعمان موریانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر محمد عرفان نے بھی جدید دور کے تقاضوں کے مطابق موبائل جرنلزم کے ٹولز سیکھنے کے لیے ورکشاپ میں خصوصی شرکت کی۔
دو روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پبلک ریلیشنز (پی آر) پی آئی ڈی میڈم ارم تنویر نے ٹرینر اور مہمانان خصوصی کو شیلڈز جب کہ تربیت کنندگان کو اسناد پیش کیں۔
یاد رہے کہ پاکستان انفارمیشن سینٹر کراچی کی جانب سے اگرچہ سال 2023 کی یہ پہلی تربیتی ورکشاپ تھی، تاہم سینٹر کی جانب سے دسمبر 2022 کے اختتام پر بھی ٹریننگ کا انعقاد کیا گیا تھا اور پی آئی سی کراچی ایک سال کے دوران 500 سے زائد صحافیوں کی ٹریننگ کروا چکا ہے
مجموعی طور پر پاکستان انفارمیشن سینٹر چاروں صوبوں، گللگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد میں 3 ہزار سے زائد صحافیوں کو مختلف ٹریننگ کے ذریعے تربیت فراہم کر چکا ہے اور اس سال سینٹر 4 ہزار سے زائد صحافیوں کو تربیت فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔