وفاقی حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کیلئے 25 ارب کی منظوری دیدی
اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کی دھمکی کے بعد وفاقی حکومت نے سندھ کے سیلاب متاثرین کے لیے 25 ارب روپے امداد کی منظوری دیدی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 18 جون کو سوات میں جلسے سے خطاب کے دوران وزیر اعظم سے بجٹ میں وعدے پورے نہ کرنےکا شکوہ کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے پیسا نہ ملا تو پیپلز پارٹی بجٹ منظور نہیں ہونے دےگی۔
انہوں نے وزیراعظم اور ان کی معاشی ٹیم پر دوہرے معیار کا الزام بھی لگایا تھا اور کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کچھ اور بجٹ میں کچھ اور سامنے آیا، اس وقت ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، وزیراعظم اپنی ٹیم میں شامل ان لوگوں سے ضرور حساب لیں جو وعدے پورے کرنے میں رکاوٹ ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمیں وزیراعظم کی نیت پر شک نہیں، انہوں نے خود سیلاب کی تباہی دیکھی، وہ سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے کریں، ہم عوام کا خیال رکھتے ہیں جب کہ دوسری جماعتیں مخصوص افرادکا خیال رکھتی ہیں۔
بلاول بھٹو کی دھمکی کے بعد اب وزیراعظم شہباز شریف نے سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 25 ارب روپےکی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق یہ رقم سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد پر خرچ ہوگی، وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات میں فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔