سندھ بھر میں میئر و ڈپٹی میئر سمیت چیئرمینز آج حلف اٹھائینگے

سندھ بھر میں منتخب ہونیوالے 6 مختلف کیٹگریوں کے 247 بلدیاتی اداروں کے نومنتخب میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین اور وائس چیئرمینز کی حلف برداری آج صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک مختلف مقامات پر ہوگی۔

سندھ میٹرز کے نمائندگان کے مطابق بیشتر تقریبات ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں رکھی گئی ہیں۔

صوبے کی اہم تقریب دارالحکومت کراچی کے میئر اور ڈپٹی میئر کی حلف برداری تقریب شام 5گلشن جناح پولو گرائونڈ میں ہوگی اور الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان حلف لیں گے، جبکہ 25 ٹائون چیئرمین اور وائس چئیرمین کی تقریب حلف برداری ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر میں مختلف اوقات میں رکھی گئی ہے۔

تقریب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر حکام اور عمائدین شہر کی شرکت متوقع ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن میں پیپلزپارٹی کے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی ، ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ مراد ، میونسپل کارپوریشن حیدر آباد میں پیپلزپارٹی کے کاشف علی میئر جبکہ محمد صغیر ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ہیں۔

اسی طرح میونسپل کارپوریشن لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی کے انور علی لہر میئر جبکہ محمد امین شیخ ڈپٹی میئر ، میونسپل کارپوریشن سکھر میں پیپلزپارٹی کے ارسلان اسلام شیخ میئر جبکہ محمد ارشاد مغل ڈپٹی میئر ، میونسپل کارپوریشن شہید بے نظیر آباد میں پیپلزپارٹی کے محمد رشید بھٹ میئر جبکہ مبشر علی ڈپٹی میئر اورمیونسپل کارپوریشن میر پورخاص میں پیپلزپارٹی کے عبدالرئوف میئر ،جبکہ جیند بلند ڈپٹی میئر کامیاب ہوئے ہیں ۔