گورنر سندھ کا کراچی میں قتل ہوجانے والے افراد کے اہل خانہ کو عید پر مفت بکرے دینے کا اعلان
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں کسی بھی قسم کے حادثے میں شہید یا قتل ہونے والے افراد کے گھر والوں کی داد رسی کے لیے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بکرے تقسیم کرنے کا اعلان کردیا۔
کامران ٹیسوری کی جانب سے ویڈیو بیان میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں ہر قوم اور ہر زبان کا بولنے والا رہتا ہے اور ایسے بہت سے خاندان ہوں گے جن کے والدین یا والد کسی حادثے میں شہید ہو گئے یا گولی مار دی گئی، تو ان کے گھر عید پر بکرے کون لائے گا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا آج میں اعلان کر رہا ہوں کہ ایسے تمام افراد جن کے گھر کا بڑا کسی حادثے میں شہید ہو گیا یا اسے گولی مار دی گئی تو وہ آئیں اور اپنا نام لکھوائیں ہم انہیں ایک ایک بکرا ضرور دیں گے۔
ان کا کہنا تھا جن لوگوں کے والد یا والدین اس دنیا سے چلے گئے ہم ان کی کمی تو پوری نہیں کر سکتے لیکن کسی حد تک عید کی خوشیاں منانے میں ان کا ساتھ تو دے سکتے ہیں۔