دیہی سندھ کے ڈومیسائل یافتہ ملازمین کی کراچی میں تعیناتی سازش ہے، ایم کیو ایم

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے سندھ کے ملازمین کو اپنے ہی صوبے کے دارالحکومت میں تعینات کرنے کو سازش قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے اعلی حکام اور عدالتوں سے اس کا نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

روزنامہ جنگ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے دیہی سندھ کے ڈومیسائل کے حامل بلدیاتی ملازمین کو دارالحکومت کراچی کے ٹاؤنز میں تعینات کر کے کونسل سے منظور شدہ ملازمین کو ہٹانے پر ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین سندھ اسمبلی نےسخت مذمت کرتے ہوئے اسے سوچی سمجھی سازش قرار دیا۔

جنگ کی صوبے کے دوسرے علاقوں کے ملازمین کی کراچی میں تبادلے پر نسل پرستانہ رپورٹنگ

انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس عمل کو رکوایا جائے اور قانونی طریقے سے تبادلوں اور تقرریوں کا عمل کیاجائے، جب کہ سپریم کورٹ اپنے جاری کردہ فیصلوں اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزی پر نوٹس لے۔

خیال رہے کہ چند دن قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ دارالحکومت کراچی میں ملازمین کی کمی کے پیش نظر صوبائی حکومت نے دیہی سندھ کے ڈومیسائل کے حامل کچھ ملازمین کا تبادلہ کرکے کراچی ڈویژن میں تعینات کردیا۔

تمام صوبائی حکومتوں کو یہ اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ ضرورت پڑنے ملازمین کا تبادلہ صوبے کے کسی بھی شہر میں کریں ۔