غوث بخش مہر بیٹوں سمیت پیپلزپارٹی میں شامل
شمالی سندھ کے ضلع شکارپور سے تعلق رکھنے والے نامور سیاست دان غوث بخش مہر اپنے بیٹوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔
گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) رہنما غوث بخش مہر نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ، پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو صوبائی وزراناصر حسین شاہ اور شرجیل میمن سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر منظور وسان، اعجاز جکھرانی و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
پیپلز پارٹی رہنماؤں نے وفد کی صورت میں غوث بخش مہر سے کراچی میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ملاقات کی۔
اس موقع پر غوث بخش مہر نے کہاکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی قیادت پر اعتماد کرکے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کرتا ہوں،مجھ سمیت شہریار مہر اور عارف مہر بھی آج سے پیپلز پارٹی کا حصہ ہونگے۔
پی پی رہنما نثارکھوڑونے کہاکہ غوث بخش مہر ،شہریار مہر اور عارف مہر کو پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
غوث بخش مہرمنجھے ہوئے سیاستدان ہیں امید ہے کہ وہ پیپلز پارٹی کو مزید مضبوط کرنے میں کردار ادا کرینگے، پی پی رہنما نے کہاکہ عام انتخابات میں عوام کی قوت سے سندھ سمیت ملک بھر میں کامیابی حاصل کرکے بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم بنائینگے۔