نوابشاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس حادثے کا شکار، 15 افراد جاں بحق

0614094632ac499

سندھ کے دارالحکومت کراچی سے حویلیاں جانے والی ٹرین ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں نواب شاہ کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔

ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، حادثے میں ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔

اس حوالے سے ڈی ایس ریلوے محمود الرحمان کا کہنا ہے کہ نواب شاہ کے قریب 10 بوگیوں کے پٹری سے اترنے کی اطلاعات ہیں، اس حوالے سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے جبکہ مقامی پولیس کے مطابق ہزارہ ایکسپریس میں سوار مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے کا کام جاری ہے۔

ٹرین میں موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس میں بہت زیادہ مسافر سوار تھے اور ٹرین حادثے کے باعث قریبی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ٹرین حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو پیپلز میڈیکل اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔

مقامی ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹرین حادثے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے جبکہ حادثے میں اموات کا بھی خدشہ ہے جبکہ ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ نے حادثے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرین کی بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، 10 ایس ایچ اوز، 4 ڈی ایس پیز اور 100 سے زائد پولیس اہلکار ریسکیو کے کام میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے میں 15 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔