سندھ حکومت میں بڑے پیمانے پر تبادلوں کی تیاریاں، پی پی کے لاڈلے افسر صوبہ بدر ہوں گے
شفاف عام انتخابات کے پیش نظر نگران سندھ حکومت نے صوبے کی پوری انتظامی مشینری میں اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق اس ضمن میں الیکشن کمیشن کےآئندہ اجلاس میں سندھ کے افسران کی تبدیلی کی فہرستیں پیش کی جائینگی اور چیف سیکریٹری سندھ سول بیوروکریٹ کے تبادلوں کی فہرست فراہم کریں گے۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل آئی جی سندھ پولیس صوبے میں تعینات پولیس افسران کی تبدیلی کی لسٹ دینگے ۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سابق حکمرانوں کے لاڈلے افسران کو صوبہ بدر کرنے کی تیاری کرلی گئی، لاڈلے افسران کو پنجاب اور کے پی کی حکومت کے حوالے کرکے وہاں سے افسران لیے جائینگے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ انتخابات کے حوالے سے سندھ میں شفاف انتخابات کے لیے نیوٹرل افسران تعینات کیے جائینگے۔
الیکشن کمیشن نےڈی جی کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو بھی خط لکھ کر کے ڈی اے افسران کے تبادلوں کے احکامات منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔
سندھ سمیت ملک میں عام انتخاب کب ہوں گے یہ واضح نہیں ہے لیکن الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق کام کا آغاز کردیا۔