سندھ بھر میں تمام اقسام کی عمارتوں کے نقشوں کی منظوری پر پابندی عائد

2528096-sindhconstruction-1692882272

سندھ کے نگراں وزیر بلدیات مبین جمانی کی ہدایت پر محکمہ بلدیات نے سندھ بھر میں تمام اقسام کی عمارتوں کے نقشوں کی منظوری پر پابندی لگادی، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں عمارتوں، گھروں اور کمرشل پلازوں کے نقشوں کی منظوری پر تا حکم ثانی پابندی عائد کردی گئی۔

پابندی کا اطلاق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) اور تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پر لاگو ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیاہے کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی، ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی، لیاری ڈیولپمنٹ اتھارٹی، حیدرآباد ڈیولپمنٹ اتھارٹی، سہون ڈیولپمنٹ اتھارٹی ، محکمہ ماسٹر پلان اور ٹاؤن پلاننگ ڈپارٹمنٹ اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ حکمنامے پر عمل کریں۔

اس کے علاوہ تمام قسم کے بلڈنگ پلان اور لے آؤٹ پلان پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔