کنب میں 8 سالہ بچی سے ریپ کے شواہد نہیں ملے، رپورٹ

ضلع خیرپور کے شہر کنب میں 8 سالہ کم سن بچی کے ساتھ مبینہ ریپ کے دلخراش واقعے نے سب کو افسردہ کردیا۔

سندھی ٹی وی چینل ٹائم نیوز کی رپورٹ کے مطابق کنب شہر کے محلہ سیال کے رہائشی افراد متاثرہ بچی کو پولیس تھانے لے کر پہنچے، جہاں انہوں نے پولیس کو بتایا کہ بچی کے ساتھ ریپ کیا گیا۔

ورثا کے مطابق ملزم عاقب نے 8 سالہ بچی کو اغوا کرنے کے بعد انہیں نشانہ بنایا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچی کے ورثا نڈھال بچی کو گود میں لے کر تھانے پہنچے۔

ایس ایس پی خیرپور روحل کھوسو کی جانب سے ری ٹوئٹ کی گئی ایک ٹوئٹ کے مطابق متاثرہ بچی کو میڈیکل چیک اپ کے لیے کوٹ ڈیجی اسپتال لے جایا گیا، جہاں لیڈی ڈاکٹر نے بچی کا چیک اپ کیا، جس سے بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات نہیں پائے گئے اور نہ ہی بچے کے ساتھ ریپ کے شواہد ملے۔