پی پی رہنما کے گھر میں ملازمت کرنے والی نوجوان لڑکی کراچی سے غائب
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور ضلع کونسل سجاول کے وائیس چیئرمین راجا رمیز کے دارالحکومت کراچی کے گھر میں ملازمت کرنے والی نوجوان لڑکی مہرالنسا ولد غلام مصطفیٰ جانوری کے پراسرار طور پر غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، دوسری جانب لڑکی کے ورثا نے اس کے قتل کا خدشہ ظاہر کردیا۔
سندھی اخبار روزنامہ کاوش نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نوجوان لڑکی مہرالنسا ضلع کونسل سجاول کے وائس چیئرمین راجا رمیز زنئور کے ڈیفینس ہائوسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کے گھر میں ملازمت کرتی تھیں جو 7 ستمبر سے پراسرار طور پر غائب ہوئیں۔
رپورٹ میں لاپتا ہونے والی لڑکی کے والد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہرالنسا گھریلو کام کے لیے کراچی میں پی پی رہنما کے ہاں ملازمت کرتی تھی اور وہاں سے 7 ستمبر کو انہیں فون کرکے بتایا گیا کہ لڑکی گھر سے نکل گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لڑکی کو شہر کے معروف ڈاکٹر اور راجا رمیز زنئور کے کہنے پر ملازمت کے لیے بھیجا گیا تھا لیکن چند دن قبل انہیں پراسرار طور پر لاپتا کیا گیا۔
لڑکی کے والد نے خدشہ ظاہر کیا کہ ان کی بیٹی کو خود ہی لاپتا کیا گیا ہوگا یا پھر انہیں قتل کیا گیا ہے۔
لڑکی کے والد کے مطابق انہوں نے مسلسل لڑکی کی تلاش کی لیکن اس کا کوئی پتا نہیں چل سکا، حکومت اور پولیس واقعے کا نوٹس لے کر ان کی مدد کرے اور بچی کو واپس دلوایا جائے۔
دوسری جانب راجا رمیز زئنور نے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر لڑکی کو نہیں جانتے تھے لیکن ان کے سسر نے مذکورہ لڑکی کو ان کے گھر ملازمت کے لیے بھیجا اور وہ محض 12 دن قبل ہی ان کے گھر آئی تھیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ لڑکی 7 ستمبر کی صبح خود ہی گھر سے نکل گئیں اور ان کے گھر سے نکلنے کے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں جب کہ لڑکی کی گمشدگی کا مقدمہ بھی درخشاں تھانے میں دائر کروادیا گیا ہے اور ساتھ ہی وہ لڑکی کو تلاش کرنے میں بھی مدد کر رہے ہیں۔
دوسری جانب سے پی پی رہنما کے گھر سے نوجوان لڑکی کے لاپتا ہونے پر سوشل میڈیا صارفین اور سماجی رہنمائوں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور پولیس کو معاملے کا نوٹس لے کر لڑکی کی تلاش یقینی بنانےکا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔