سندھ سمیت پاکستان بھر میں عام انتخابات جنوری 2024 کے اختتام پر ہونگے
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسیمبلیوں کی آئینی مدت ختم ہونے اور نگران حکومت کے قیام کے ایک ماہ بعد اعلان کیا ہے کہ سندھ سمیت پاکستان بھر میں عام انتخابات جنوری 2024 کے اختتام پر ہونگے۔
پاکستان میں سنہ 2018 کے عام انتخابات کے نتیجے میں تشکیل پانے والی قومی اسمبلی کی مدت 13 اگست 2018 سے شروع ہوئی تھی اور اس کی پانچ سال کی مقررہ مدت 12 اگست 2023 کی رات 12 بجے مکمل ہونا تھی تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے مقررہ مدت سے پہلے نو اگست کو ہی اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔
اس کے بعد وفاق سمیت صوبوں میں نگران حکومتوں کا قیام عمل میں لایا گیا اور اب ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست 27 ستمبر 2023 کو شائع کر دی جائے گی اور ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات و تجاویز کی سماعت کے بعد حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو شائع کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اس کے 54 دن کے الیکشن پروگرام کے بعد ’انتخابات جنوری 2024 کے آخری ہفتے میں کروا دیے جائیں گے۔
یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ آئین کے تحت عام انتخابات اسمبلی کی تحلیل کے 90 دن بعد ہونا تھے تاہم سابقہ حکومت کی جانب سے مردم شماری کی منظوری کے بعد الیکشن کا انعقاد التوا کا شکار ہو گیا اور اب انتخابات جنوری 2024 کے اختتامی ہفتے میں ہونگے۔
سندھ سمیت ملک بھر میں تمام صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں پر ایک ہی دن ووٹنگ ہوگی۔
انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی لیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاری میں تعاون کے لیے چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور اسلام آباد کے چیف کمشنر کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ کر ہدایات دے دیں۔
کمیشن نے خط میں ہدایت کی کہ ملک میں انتخابات کی تیاریاں کی جائیں، آئین کے تحت تمام انتظامی افسران الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ چیف سیکریٹریز کو انتخابات کی تیاریوں میں الیکشن کمیشن کی معاونت کریں اور اس کے علاوہ ملک کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ضلعی الیکشن کمیشن سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ پورے ملک میں انتظامی اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جائے، حساس اور غیر حساس انتخابی مواد رکھنے کے لیے محفوظ اور مناسب جگہیں فراہم کی جائیں۔
مزید کہا گیا کہ انتخابی مواد میں ریٹرننگ افسران کو فراہم کیے جانے والے ٹیبلیٹس کی حفاظت بھی یقینی بنائی جائے اور انتخابی مواد جن مقامات پر رکھا جائے وہاں بہترین سیکیورٹی فراہم کی جائے۔