سندھ میں 13 نومبر کو ہندوؤں کے لیے دیوالی کی عام تعطیل کا اعلان
سندھ حکومت نے صوبے میں مقیم ہندو برادری کے لیے دیوالی کے موقع پر 13 نومبر کو عام تعطیل کا اعلان کردیا، ساتھ ہی حکومت نے 9 نومبر کو قومی شاعر علامہ اقبال کے یوم پیدائش پر بھی تعطیل کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
سندھ حکومت ہر سال دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کے ملازمین اور مزدوروں کے لیے عام تعطیل کا اعلان کرتی ہے جب کہ ہندو ملازمین کو ایڈوانس تنخواہ بھی جاری کی جاتی ہے۔
اس بار سندھ میں 13 نومبر کو دیوالی منائی جائے گی اور سرکاری ملازمین کو رواں ہفتے ہی دیوالی سے قبل تنخواہ کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔
دیوالی کے موقع پر عام تعطیل پر ہندو برادری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دیوالی جو دیپاولی اور عید چراغاں کے ناموں سے بھی معروف ہے ایک قدیم ہندو تہوار(کہیں کہیں تیوہار بھی کہا جاتا ہے) ہے.
دیوالی ہندوؤں کا سب سے بڑا تہوار ہے اور دنیا بھر میں اس مذہب کے پیروکار بڑے جوش و جذبے کے ساتھ اسے مناتے ہیں۔
دیوالی دراصل دیپاولی کا مختصر نام ہے جس کے لغوی معنی دیوں کی قطار ہوتا ہے اور اس لیے اسے روشنیوں کا تہوار کہا جاتا ہے۔ ہندوستان کا ہر تہوار تاریخی، مذہبی اور ثقافتی پس منظر رکھتا ہے اور دیوالی بھی اس سے علیحدہ نہیں۔
دیوالی کی سب سے عام اور معروف کہانی ایودھیا کے شہزادے رام اور ان کی شریک حیات رانی سیتا کی 14 سال کی جلاوطنی کے بعد ایودھیا لوٹنے کی ہے جب سارا شہر ان کے استقبال کے لیے امڈ پڑا تھا اور ایودھیا کے چپے چپے سے روشنی کی کرنیں پھوٹ رہی تھیں۔ آج بھی لوگ رام کی اس واپسی کا جشن دل کھول کر مناتے ہیں۔
دیوالی کا تہوار پانچ دن کا تہوار ہے جو دھن تیرس سے شروع ہوتا ہے اس دن لوگ سونا چاندی یا کسی بھی دھات کی خریداری کو نیک شگون مانتے ہیں۔ دوسرا دن نرک چتورداس، تیسرا دن دیوالی جبکہ چوتھا دن گووردھن پوجا اور پانچواں دن بھیادوج یعنی بہن بھائی کا ملاپ۔
دیوالی کا تہوار صرف روپے پیسے کی پوجا، روشنیوں کی چمک دمک، آتش بازی اور قمار بازی ہی نہیں بلکہ یہ مٹھائیوں کا زبردست تہوار بھی ہے۔
دیوالی کا تہوار جہاں عام آدمی کو خوشیوں سے ہمکنار کرتا ہے وہیں دکاندار بھی بڑی بے صبری سے دیوالی کا انتظار کرتا ہے۔ بازار نئے کپڑوں اور گھروں کے سجانے کے سامان سے اٹے رہتے ہیں۔