سندھ میں غیر قانونی غیر ملکیون کے خلاف آپریشن سست، 5 دن میں 330 ڈی پورٹ
سندھ بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن انتہائی سست روی کا شکار ہے، گزشتہ پانچ دن میں سندھ پولیس اور حکومت نے صوبائی دارالحکومت سے صرف 328 افغانیوں کو ڈی پورٹ کیا۔
سندھ سمیت پاکستان بھر میں یکم نومبر سے غیر قانونی غیر ملکیوں اور خصوصی طور پر افغانیوں کے خلاف آپریشن شروع کیا گیا تھا اور اب تک دوسرے صوبوں سے ہزاروں کی تعداد میں افغانیوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، تاہم سندھ میں یہ آپریشن سست روی کا شکار ہے۔
سندھی اخبار کاوش کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت کراچی کو غیر قانونی افغانیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے لیکن اس باوجود وہاں سے 5 دن میں 328 افغانیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا ہے جب کہ مزید 70 کے قریب افغانی ہولڈنگ کیمپس میں موجود ہیں۔
دوسری جانب رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا کہ سندھ حکومت نے پولیس کو صوبے میں مقیم غیر قانونی برمی، ایرانی، بنگالی اور بھارتیوں کو گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
رپورٹ میں محکمہ داخلہ کے ایک عہدیدار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ سندھ نے پولیس کو دیگر غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کا کہا ہے۔
علاوہ ازیں پولیس کو ایسے افغانیوں کو بھی گرفتار نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جن کے پاس کسی طرح کا بھی کوئی شناختی دستاویز موجود ہو۔