محکمہ ثقافت سندھ کا دستکاری کی اشیا کی فروخت کا کلچر مارٹ تیار
محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے سندھ آرکائیو ڈیپارمنٹ میں کلچرمارٹ تیار کرلیا گیا، جہاں دو منزلہ کلچر مارٹ میں سندھ بھر کے دستکاروں کو اپنی اشیاء کو اچھے دام اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ اشیاء فروخت کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
محکمہ ثقافت کی جانب سے کلچر مارٹ کے قیام کا مقصد سندھ کی دستکاری کو پاکستان اور دنیا بھر میں فروغ دینا ہے، دارالحکومت کراچی کے پوش علاقے کلفٹن پر مختلف ممالک کے قونصلیٹ خانوں اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد و رفت لگی رہتی ہے، جس سے سندھ کی ثقافت غیر ملکیوں کی نظروں میں آئے گی۔
کلچر مارٹ کے حوالے سے نگران وزیر ثقافت ڈاکٹر جنید علی شاہ کا کہنا ہے کہ ترجیحی بنیاد پر دستکار خواتین کو اسٹالز فراہم کیے جائیں گے،دستکار اپنی بنائی ہوئی اشیا کی فروخت کی 100 فیصد رقم خود مختص کریں گے۔
ان کے مطابق کلچر مارٹ تیار ہونے کے بعد گروپس بنائے جائیں گے اور ہر گروپ کے لیئے ہفتے کا ایک دن مقرر کیا جائے گا تاکہ ہر فرد برابری سے موقع ملے۔ یہ ایک تجربہ ہے اگر یہ کامیاب ہوا تو سندھ میں مزید ایسے کلچر مارٹس قائم کیے جائیں گے۔
سید جنید شاہ نے صوبے بھر کی خواتین کو مشورہ دیا کہ سندھ کی خواتین گھر کے اخراجات اور معاشی طور پر خود مختار ہونے کے لیے دستکاری کا ہنر سیکھتی ہیں، ہمارے لیے یہ بہت معمولی بات ہے ،لیکن بیرون ملک سے آئے افراد سوغات کے طور پر پاکستان سے اپنوں کے لیئے ایسے تحائف خرید لے جاتے ہیں۔