دارالحکومت کراچی کے شاپنگ پلازہ میں آگ، 11 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

صوبائی دارالحکومت کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر موجود آر جے شاپنگ مال میں آگ لگنے کے باعث کم از کم 11 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے، جنہیں تشویش ناک حالت میں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

فائر ریسکیو حکام کے مطابق عمارت میں آگ ممکنہ طورپر شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی، شاپنگ سینٹر میں آگ بجھانے کا نظام موجود نہیں تھا، سینٹرلی ائیرکنڈیشنڈ ہونے کے باعث ہوا کے اخراج کا راستہ نہیں تھا۔

فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ 25 نومبر کی صبح 6 بجے لگنے والی آگ عمارت کی چھٹی منزل سے چوتھی منزل تک پھیلی جس وجہ سے درجنوں دکانیں جل گئیں، جس کے بعد کثیر المنزلہ مال اور اطراف کی عمارتوں کی بجلی معطل کردی گئی۔

ریسکیو حکام کے مطابق دم گھٹنے کے نتیجے میں گیارہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دیگر 8 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے، عمارت کے اندر مزید لوگوں کے ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی 9 لاشیں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)ایک سول اسپتال اور ایک عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کُل 45 افراد کو ریسکیو کیا جا چکا ہے، 10 افراد کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جا چکا ہے، مزید لوگوں کے پھنسے ہونے کی اطلاعات پر آپریشن جاری ہے۔

عمارت میں کال سینٹرز اور مارکیٹنگ کے دفاتر موجود ہیں جو رات بھر کھلے رہتے ہیں، تاحال آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔

فائر بریگیڈ کے عملے نے بتایا کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے، کولنگ کا عمل جاری ہے، آگ صبح ساڑھے 6 بجے کے قریب لگی تھی، فائر بریگیڈ کے 8 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکلز اور واٹر باؤزر نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔