سندھ میں قیدیوں کے لیے جیل سے آن لائن عدالتی سماعت کا حصہ بننے کا نظام متعارف

سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے عدالتی نظام میں اصلاحات کے تحت جیلوں سے قیدیوں کے لیے ویڈیو لنک کا نظام متعارف کروا دیا گیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی نے ویڈیو لنک سسٹم کا افتتاح کیا، اس موقع پر جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو بھی موجود تھے۔

جاری اعلامیے کے مطابق جیلوں سے اب قیدیوں کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیشی ہوگی، اس طرح مقدمات جلد نمٹائے جا سکیں گے، اور قیدیوں کی ویڈیو لنک سے پیشی سے ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات کی بچت ہوگی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جیلوں سے قیدیوں کو عدالت میں پیش کرنے سے پیدا ہونے والے سیکیورٹی مسائل بھی حل ہو جائیں گے، ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات میں پیشی کا یہ نظام صوبے بھر میں لایا جائے گا، عدالتی فیصلوں کی تصدیق شدہ نقول کے حصول کے لیے بھی ون ونڈو نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس سے وکلا اور سائلین کو فائدہ ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق بطور ضمانت جمع کروائے گئے پراپرٹی کے کاغذات کی فوری اور جلد تصدیق کے لیے بورڈ آف ریونیو سے مل کر کام کیا جا رہا ہے، تاکہ وکلا اور سائلین کو تصدیق کے عمل میں حائل روکاوٹیں دور کی جا سکیں۔ سندھ ہائیکورٹ کے ان اقدامات کا مقصد سائلین کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے۔