پولنگ ڈے پر سندھ کے 10 اضلاع میں تصادم کا خدشہ

سندھ حکومت نے صوبے بھر کے 19 ہزار 236 میں سے 12 ہزار 460 پولنگ اسٹیشنز حساس اور انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے صوبے کے دس اضلاع میں تصادم کا خدشہ ظاہر کردیا۔
سندھ حکومت نے صوبے کے 32 میں سے 10 اضلاع میں پولنگ ڈے پر تصادم کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے فوج کو تعینات کرنے کی سفارش کردی۔
سندھ حکومت کی ایک رپورٹ کے مطابق الیکشن ڈے پر سندھ کے 10 اضلاع میں تصادم کا خدشہ ہے، سانگھڑ اور خیرپور میں جی ڈی اے اور پیپلز پارٹی میں تصادم، کراچی میں ایم کیو ایم، پی پی، پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی میں تصادم کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق صوبے میں 2 ہزار فوجی جوان اور 4 ہزار رینجرز اہلکار سیکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر بھاری تعداد میں پولیس تعینات ہوگی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ میں الیکشن ڈیوٹی کے لیے 22 کروڑ جاری کر دیے گئے، فورسز کے کھانے کے لیے الیکشن ڈیوٹی پر تعینات عملے کے لیے 21 کروڑ جاری کیے گئے۔