سندھ میں تعلیمی سال اپریل کے بجائے اگست میں شروع کرنے کا اعلان

سندھ حکومت نے تعلیمی سال 2024-2025 کو اپریل کے بجائے اگست سے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا۔

یہ پہلے ہی خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سندھ میں تعلیمی سال اگست میں شروع کیے جانے کا امکان ہے، کیوں کہ درسی کتابوں کی چھپائی نہیں ہوسکی۔

دو ہفتے قبل تک درسی کتب کی چھپائی کا عمل تاحال شروع نہیں ہو سکا تھا، جس کے باعث صوبے میں نیا تعلیمی سال اپریل میں شروع نہیں ہو سکے گا۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ پبلشر اور محکمہ تعلیم میں تنازع کی وجہ سے کتابوں کی چھپائی شروع نہیں ہو سکی ہے جب کہ کتابوں کی چھپائی سے ترسیل تک کم از کم چار ماہ کا وقت درکار ہوتا ہے۔

اب اسٹیرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کی مشاورت پر نیا تعلیمی سال اگست میں شروع ہوگا، آئندہ تعلیمی سال یکم اپریل کے بجائے یکم اگست سے شروع ہوگا۔

اسٹیرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کی مشاورت کے بعد محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔