عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں قبر کے لیے محکمہ اوقاف سندھ نے 5 لاکھ کا مطالبہ کیا، مصطفی قریشی
سینئر اداکار مصطفیٰ قریشی کا کہنا ہے کہ محکمہ اوقاف سندھ نے ان سے قبر کیلئے 5 لاکھ کا مطالبہ کیا ہے۔
اداکار مصطفیٰ قریشی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کی مرحومہ اہلیہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں دفن ہیں اور وہ بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ ہی دفن ہونا چاہتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ میری اہلیہ کے برابر میں صرف ایک قبر کی ہی جگہ ہے جہاں میں نے اپنے نام کی تختی لگا دی ہے جس پر میں نے لکھوا دیا ہے آخری اور دائمی آرم گاہ برائے مصطفیٰ قریشی لیکن قبر کیلئے محکمہ اوقاف سندھ نے مجھ سے 5 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میری مرحومہ بیوی کی قبر کیلئے بھی سندھ حکومت نے محکمہ اوقاف کو 5 لاکھ روپے دیے تھے، مجھے ایسا لگا جیسے سندھ حکومت نے اپنی ایک جیب سے نکال کر دوسری جیب میں ڈال دیے۔
اداکار مصطفیٰ قریشی نے مزید کہا کہ میری گزارش ہے فنکار سے 5 لاکھ روپے کی ڈیمانڈ نہ کریں۔
خیال رہے کہ مصطفیٰ قریشی کی اہلیہ گلوکارہ و اداکارہ روبینہ قریشی جولائی 2022 میں انتقال کر گئی تھیں۔
انہیں بلبل مہران بھی کہا جاتا تھا، ان کی تدفین درگاھ عبداللہ شاہ غازی کے احاطے میں کی گئی تھی۔