منشیات کی فراہمی، اسمگلنگ و جرائم میں ملوث سندھ پولیس کے 56 اہلکار و افسران معطل، جبری ریٹائرڈ

گٹکا ماوا مافیا کی سرپرستی، ایرانی تیل کی اسمگلنگ اور جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے الزام میں سندھ پولیس کے 56 افسران اور اہلکاروں کو برطرف، جبری ریٹائر اور دیگر نوعیت کی سزائیں دے دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران نے دارالحکومت کراچی سمیت دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے 56 افسران و اہلکاروں کو برطرف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق افسران و اہلکاروں پر مختلف نوعیت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں جس کے تحت چند افسران و اہلکاروں کو نوکری سے برطرف، جبری ریٹائرمنٹ اور دیگر نوعیت کی سزائیں دی گئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی میں گٹکا ماوا ، جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی کے الزام میں سابق ایس ایچ او بلال کالونی آفتاب احمد عباسی ،سابق ایس ایچ اوکلاکوٹ امتیاز احمد جبکہ کانسٹیبل طارق، محمد شیر جنگ، محمد سرفراز شاکر حسین ،ساجد محمود قریشی اور کانسٹیبل مظہر حیات کونوکری سے برطرف کردیا گیا۔

اسی طرح سکھر اور لاڑکانہ رینج کے افسران و اہلکاروں کو بھی معطل و جبری ریٹائرڈ کردیا گیا۔