صوبائی دارالحکومت کراچی کے قومی اسمبلی حلقوں کا نوٹی فکیشن جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے صوبائی دارالحکومت کراچی سے قومی اسمبلی کی 22 میں سے 21 نشستوں پر کامیاب امیدواروں کی جیت کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے 14 اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سات امیدوار کراچی سے کامیاب ہوئے۔

کراچی میں قومی اسمبلی کی 21 نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے تاہم ایک حلقے این اے 238 کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں اور جماعتِ اسلامی نے صوبائی دارالحکوم کے انتخابی نتائج پر اعتراض اٹھاتے ہوئے دھاندلی کے الزامات عائد کیے ہیں۔

کراچی کے حلقے این اے 229 سے پیپلزپارٹی کےجام عبدالکریم، این اے 230 سے پیپلزپارٹی کے سید رفیق اللہ، این اے 231 سے پیپلزپارٹی کے عبدالحکیم بلوچ کامیاب ہوئے ہیں۔

کراچی کے حلقے این اے 232 سے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی آسیہ اسحٰق، این اے 233 سے ایم کیو ایم کے محمد جاوید حنیف خان، این اے 234 سے ایم کیو ایم کے محمد معین عامر، این اے 235 سے ایم کیو ایم کے محمد اقبال خان، این ا ے 236 سے ایم کیو ایم کے حسن شبیر کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے۔

اسی طرح این اے237 سے پیپلزپارٹی کے اسد عالم نیازی، این اے 239 سے پیپلزپارٹی کے نبیل گبول، این اے 240 سے ایم کیو ایم کے ارشد عبد اللہ وہرہ، این اے 241 سے پیپلزپارٹی کے مرزا اختیار بیگ، این اے 242 سے ایم کیو ایم کے مصطفیٰ کمال، این اے 243 سے پیپلزپارٹی کے عبد القاد رپٹیل، این اے 244 سے ایم کیو ایم کے فاروق ستارکامیاب قرار پائے ہیں۔

کراچی کے حلقے این اے 245 سے ایم کیو ایم کے سید حفیظ الدین، این اے 246 سے ایم کیو ایم کے امین الحق، این ا ے247 سے ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن، این اے 248 سے ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، این اے 249 سے ایم کیو ایم کے احمد سلیم صدیقی، این اے 250 سے ایم کیو ایم کے فرحان چشتی کی کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا ہے۔