نئی سندھ اسمبلی تشکیل، نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

IMG-20240224-WA0015

عام انتخابات 2024 کے نتیجے میں بننے والی نئی سندھ اسمبلی تشکیل دے دی گئی، نومنتخب ارکان نے بطور قانون ساز حلف اٹھالیا، اسپیکر آغا سراج درانی نے ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔

سندھ اسمبلی کا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔

سندھ اسمبلی میں حلف لینے والوں میں نامزد وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، فریال تالپور، شرجیل میمن، ناصر حسین شاہ اور دیگر بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر اسمبلی ہال میں جیے بھٹو کے نعرے بھی لگائے گئے، جبکہ دوسری جانب سندھ اسمبلی گیلری میں موجود اپوزیشن رہنماؤں نے نعرے بازی بھی کی۔

نو منتخب ہونے والے 148 اراکین نے حلف لیا اور مجموعی طور پر 13 اراکین حلف برداری کی تقریب میں شریک نہ ہوئے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار حلف لینے نہیں آئے جبکہ جماعت اسلامی اور جی ڈی اے ارکان بھی حلف لینے اسمبلی نہ پہنچے، نادر مگسی کار ریلی میں شرکت کے باعث کراچی میں موجود نہیں جبکہ نثار کھوڑو اور جام مہتاب ڈہر سینیٹ کی نشست برقرار رکھیں گے۔

اس کے علاوہ دادو سے پیپلزپارٹی کے منتخب امیدوار عزیز جونیجوکے انتقال پر ان کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا اور جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان کا پی ایس 129کراچی کا نوٹیفکیشن بھی جاری نہیں ہوا۔

سندھ اسمبلی کے 168 اراکین میں سے 114 کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے جبکہ 36 اراکین کا تعلق ایم کیو ایم پاکستان سے ہے۔