آصفہ بھٹو زرداری پہلی بار رکن قومی اسمبلی بن گئیں
نوابشاھ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 سے پیپلز پارٹی کی امیدوار آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب ہونے کے بعد وہ پہلی بار رکن قومی اسمبلی بن گئیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق آصفہ بھٹو سمیت 11 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
آر او شیر علی جمالی نے بتایاکہ 7 آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے تھے، پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سردار شیر محمد رند نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل نہیں کی۔
سردار شیر محمد رند عام انتخابات میں آصف علی زرداری کے مقابلے میں دوسرے نمبر پر تھے۔
باقی 3 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لیے جانے کے بعد اب این اے 207 پر آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب قرار پائی ہیں۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207 نوابشاہ سے آصف زرداری کامیاب ہوئے تھے تاہم صدر مملکت منتخب ہونے کے بعد ان کی نشست خالی ہوئی تھی۔
آصف علی زرداری کی خالی نشست پر آصفہ بھٹو زرداری کو پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کیا گیا تھا۔
آصفہ بھٹو زرداری پہلی بار رکن قومی اسمبلی بنی ہیں، وہ گزشتہ چند سال سے سیاست میں متحرک تھیں۔
آصفہ بھٹو زرداری کے بھائی بلاول بھٹو بھی رکن قومی اسمبلی ہیں جب کہ ان کی پھوپھیاں فریال ٹالپر اور عزرہ پیچوہو رکن سندھ اسمبلی ہیں۔