پی آئی ڈی کراچی کے تحت فیک نیوز پر ورکشاپ کا انعقاد

وفاقی وزارت اطلاعات و نشریات کے ادارے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے تحت صوبائی دارلحکومت کراچی میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔

ورکشاپ کے آغاز میں پی آئی ڈی کراچی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انچارج ایم خالد معراج عباسی نے شرکا کو خوش آمدید کہا۔

غلط معلومات اور فیک نیوز پر کرائے گئے دو روزہ تربیتی ورکشاپ میں مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ صحافیوں نے شرکت کی، زیادہ تر صحافیوں کا تعلق ڈیجیٹل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا سے تھا۔

"جعلی خبروں کے معاشرے پر اثرات اور تدارک” کے عنوان پر منعقد کیے گئے ورکشاپ میں سینیئر صحافی قاضی آصف نے ٹرینر کی خدمات سر انجام دیں جب کہ ورکشاپ کے دوران صحافیوں نے فیک نیوز پر ہونے والی بحث میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

ورکشاپ کے اختتام پر تمام شرکا کو سرٹیفکیٹس دیے جائیں گے جب کہ ٹرینر اور گیسٹ اسپیکرز کو شیلڈز بھی دی جائیں گی۔