سی ایس ایس امتحانات میں سندھ کے صرف 39 امیدوار پاس

سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس) کے امتحانات میں سندھ کے صرف 39 امیدوار ہی کامیابی حاصل کرسکے۔

سی ایس ایس کے امتحان 2023 کے نتائج کے مطابق کامیاب امیدواروں کی شرح 2.96 فیصد رہی۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) کا کہنا ہے کہ 401 امیدوارتحریری امتحان پاس کر سکے، 210 کامیاب امیدواروں کی تعیناتی کی سفارش کی گئی ، کامیاب امیدواروں میں 126 مرد اور 84 خواتین شامل ہیں۔

نتائج کے مطابق سندھ کے صرف 39 امیدوار کامیاب ہوئے، جس میں سے 7 امیدوار شہری سندھ جب کہ 32 دیہی سندھ کے کوٹا پر کامیاب ہوئے۔

ایف پی ایس سی کے مطابق تحریری امتحان میں کل 13008 امیدواروں نے حصہ لیا تھا، عادل ریاض پہلی، شہیر بانو دوسری، عکاشہ ابرار رانا نے تیسری پوزیشن حاصل کی، کامیاب امیدوار گریڈ 17 سے ملازمت کا آغاز کریں گے۔

سب سے زیادہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کا تعلق پنجاب سے ہے جن کی تعداد 128 ہے۔ دیگر صوبوں سے تعلق رکھنے والے کامیاب امیدواروں میں بلوچستان 13، خیبر پختون خواہ 20، آزاد جموں کشمیر 5 اور گلگت بلتستان و سابق فاٹا سے 4 کامیاب امیدوار شامل ہیں۔

ایف پی ایس سی نے بتایا کہ سی ایس ایس امتحان میں 401 امیدوارتحریری امتحان پاس کرسکے، 210 کامیاب امیدواروں کی تعیناتی کی سفارش کی گئی۔

حیران کن طور پر امتحان میں متعدد کامیاب امیدواروں کے نتائج طبی بنیادوں پر مؤخر کئے گئے، پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے عادل ریاض ، پانچویں پوزیشن حاصل کرنے والی ثنااعجاز اور ساتویں پوزیشن لینےوالی ماہ رُخ کا نتیجہ طبی بنیادوں پر مؤخر کر دیا گیا۔