دبئی پراپرٹی لیکس: اویس مظفر ٹپی اور ان کی اہلیہ کی جائیداد کی تفصیلات

دبئی پراپرٹی لیکس میں اویس مظفر ٹپی اور ان کی اہلیہ کے نام 2 جائیدادیں سامنے آئیں جوکہ کسی بھی پاکستانی کی دبئی میں موجود مہنگی ترین اثاثے ہیں۔

اویس مظفر کی اہلیہ کے نام پر دبئی ہلز اسٹیٹ کے ویدا ریزیڈینس میں دو کمروں کا اپارٹمنٹ ہے جو 2015ء میں خریدا گیا تھا اور 2019ء سے 2024ء تک کرائے کی مد میں یہاں سے ایک لاکھ 41 ہزار 792 ڈالرز کی رقم حاصل کی گئی۔

اس جوڑے کے پاس محمد بن راشد ڈسٹرکٹ ون محلے میں پانچ بیڈ رومز پر مشتمل بنگلہ تھاجو ان کی مشترکہ ملکیت میں تھا تاہم یہ بنگلہ چند ماہ پہلے فروخت کیا جاچکا ہے۔

ڈیٹا کے مطابق یہ بنگلہ 2015ء میں 31 لاکھ 70 ہزار ڈالر کی ادائیگی کے بعد خریدا گیا اور 2024ء میں اسے 55 لاکھ 80 ہزار ڈالر میں فروخت کردیا گیا۔

کہا جاتا ہے کہ اویس مظفر ٹپی، حاکم علی زرداری کے لے پالک بیٹے ہیں اور وہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری کے رضاعی بھائی ہیں۔ اویس مظفر کے حیاتیاتی والد حاکم علی زرداری کے لیے کراچی میں بمبینو سینما کے منیجر کے طور پر کام کرتے تھے۔
اویس مظفر ٹپی 2013 میں رکن سندھ اسمبلی بنے تھے اور وہ کچھ عرصے کے لیے صوبائی وزیر بھی رہے تھے۔