حیدرآباد کے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی سلینڈر دکانیں قائم ہونے کا انکشاف

1356245_788224_10_akhbar

صوبے کے دوسرے بڑے حیدر آباد کے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی طور پر کم سے کم 53 ایل پی جی سلینڈرز دکانیں قائم کرنے کا انکشاف سامنے آیا ہے.

تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ ایل پی جی گیس کا 100فیصد کاروبار غیر قانونی ہے‘ جہاں کسی ایک کے پاس بھی متعلقہ اداروں کا اجازت نامہ نہ ہونے اور غیرتربیت یافتہ کم سن بچے اور بزرگ گیس بھرنے کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر درجن سے زائد مزدا ٹرک گیس سے بھرے سلینڈر منتقل کرنے آتے ہیں، جہاں کسی قسم کے کوئی احتیاطی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے۔

گزشتہ روز رہائشی علاقے پریٹ آباد میں گیس سلینڈر دھماکے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 3 درجن سے زائد معصوم بچے اور افراد زخمی ہوگئے تھے۔

اس کے علاوہ ایک ہفتہ قبل بھی رہائشی علاقے میں گیس لیک ہونے سے 2درجن سے زائد بچے بے ہوش ہوگئے تھے۔

روزنامہ جنگ کے مطابق تمام صورتحال سے ڈپٹی کمشنر اور میئر حیدرآباد لاعلم ہیں۔

انکشاف ہوا ہے کہ رہائشی علاقوں سمیت دیگر مین شاہراہوں پر قائم ایل پی جی گیس سیلنڈر فلنگ دکانوں کے پاس متعلقہ اداروں کا اجازت نامہ تک نہیں۔