نئوں ڈیرو میں چوری کی انوکھی واردات، موبائل ٹاور چوری

ضلع اڑکانہ کے نواحی شہر نئوں ڈیرو میں چوری کی انوکھی واردات رپورٹ ہوئی ہے، جہاں چور نجی موبائل کمپنی ٹیلی نار کا موبائل ٹاور سامان سمیت چوری کرکے لے گئے۔

ٹیلی نار کی علاقے میں سگنل کی مسلسل شکایات کے بعد عملہ جب گاؤں بھونبھٹ پور میں لگے ٹاور کا معئنہ کرنے پہنچیں تو ٹاور ہی غاٗب تھا۔

کمپنی کے جنرل منیجر ساجد اقبال کی شکایت پر چوری کا مقدمہ نئوں ڈیرو تھانے پر درج کر لیا گیا، مقدمے میں سیکیورٹی گارڈ اور زمین مالک کو نامزد کیا گیا۔

جنرل منیجر نے اپنی شکایت میں کہا کہ کمپنی کو صارفین کی جانب سے موبائل سگنلز نہ آنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

جب کمپنی کے عملے نے تکنیکی مسائل کو حل کرنے کے لیے ٹاور کی جگہ کا معائنہ کیا تو انہیں معلوم ہوا کہ دیگر تنصیبات سمیت پورا ٹاور بھی چوری کرلیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے، چوری کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ چور تمام اندرونی معلومات سے اچھی طرح باخبر تھے۔