تاریخ رقم، سندھ میں خواتین ریسکیو اہلکار بھی میدان میں آگئیں

سندھ حکومت نے دیگر صوبوں سے بازی لے جاتے ہوئے ریسکیو کے میدان میں بھی خواتین کو خدمات فراہم کرنے کا موقع دے دیا۔

سندھ ریسکیو 1122 میں پہلی بار 80 سے زائد خواتین اہلکاروں کی ٹریننگ مکمل ہونے کے بعد انہیں ریسکیو میدان میں خدمات فراہم کرنے کی اسناد دے دی گئیں۔

سندھ ریسکیو اور سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلی بار خواتین سندھ ایمرجنسی ریسکیو سروس (ریسکیو 1122) میں شامل ہو رہی ہیں۔

مذکورہ خواتین اہلکاروں نے پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ میں چھ ماہ کی سخت تربیت حاصل کی، یہ خواتین یکم جولائی سے خدمات انجام دیں گی۔
ؔ
تربیت مکمل کرنے والی خواتین فائر ریسکیورز، اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے ممبران، پیرامیڈیکس اسٹاف، ڈرائیورز، اسٹیشن انچارجز اور ایمرجنسی آفیسرز کے طور پر کام کریں گی۔

سندھ حکومت کی جانب سے ریسکیو 1122 میں بھی خواتین اہلکاروں کو بھرتی کرنے پر حکومت کی تعریفیں کی جا رہی ہیں اور خیال کیا جا رہا ہے کہ خواتین اہلکار خصوصی طور پر خواتین اور بچوں کے لیے مفید ثابت ہوں گی۔