سندھ پولیس کے تمام اہلکاروں کے خاندان کے لیے ہیلتھ انشورنس کا آغاز
سندھ بجٹ میں سندھ پولیس کے لیے ہیلتھ انشورنس کے فنڈز رکھے جانے کے بعد اب وزیر اعلیٰ سندھ نے پولیس اہلکاروں کے لیے "بہبود جواں” نامی ہیلتھ انشورنس اسکیم کا افتتاح کردیا۔
سندھ حکومت، سندھ پولیس اور انشورنس کمپنی کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب 19 جون کو سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں رکھی گئی، پولیس کے جوانوں کی انشورنس اسکیم کا نام "بہبود جواں” رکھا گیا۔
اس دوران تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے "بہبود جواں” انشورنس سے متعلق بتایا کہ سندھ پولیس کیلئے ایک جامع ہیلتھ انشورنس اسکیم دے رہے ہیں، انشورنس پلان کی کل لاگت 4 ارب 96 کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ منصوبے سے سندھ پولیس کے مجموعی ملازمین یعنی ایک لاکھ 27 ہزار 482 ہی مستفید ہوں گے، انشورنس کے تحت اسپتال میں داخلے کی بنیادی حد فی خاندان دس لاکھ روپے تک ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق انشورنس کے تحت یومیہ روم لمٹ 10 ہزار روپے اور میجر میڈیکل ایکسٹینشن پول ایک کروڑ روپے تک ہوگی جب کہ حادثات کی صورت میں فنڈز کی حد میں 100 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے اور ہنگامی علاج، خصوصی علاج میں ڈے کیئر سرجری شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انشورنس میں ڈائیلاسز، ایم آر آئی، سی ٹی اسکین، تھیلیم، انجیوگرافی، موتیا کا علاج بھی شامل ہے، اسکیم میں فریکچر، دانتوں کا علاج اور سی سیکشن ڈیلیوری چارجز بھی شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اسکیم میں زیر کفالت (میاں بیوی، بیٹے/بیٹیاں، والدین) شامل کردئے گئے ہیں اور فلیٹ کوریج تمام گریڈز کے اہلکاروں کیلئے ہوگی، اسپتال میں داخلے دوران تمام علاج، ادویات، ایمرجنسی روم ٹریٹمنٹ کی جائے گی۔
سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ پولیس کے ہر ملازم کو ہیلتھ انشورنس کارڈ ملے گا، پورے گروپ کیلئے ایک ارب روپے کا بڑا میڈیکل پول مختص کیا گیا ہے، میڈیکل پول ایک ملین کی IPD کی حد ختم ہونے کی صورت استعمال ہوگی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پانچ فیصد ایڈمن چارجز صرف استعمال شدہ رقم پر وصول کیے جائیں گے، غیر استعمال شدہ رقم قابل اطلاق ٹیکس کی کٹوتی کے بعد واپس کی جائے گی، اے آئی ایل سی ایم ایچ، پی این ایس اور رینجرز کے اسپتالوں کو پینل میں شامل کیا جائے گا۔
ان کے مطابق پری اینڈ پوسٹ اسپتال میں داخلہ پر IPD کی حد کی دستیابی کی بنیاد 30 دنوں کیلئے ہوگی، زچگی حد کی بنیاد قبل از پیدائش 9 ماہ اور بعد از پیدائش ایک ماہ ہوگی جب کہ اخراجات میں سندھ پولیس اہلکاروں کی بیرون ملک علاج کی منصوبابندی کی ہے۔