سندھ حکومت کا اگست کے اختتام تک مفت سولر سسٹم دینے کا اعلان
سندھ حکومت نے رواں ماہ کے اختتام تک صوبے میں مفت سولر سسٹم فراہمی کے منصوبے کا اعلان کردیا، پہلے مرحلے میں 2 لاکھ سسٹم تقسیم کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیرتوانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے مفت سولر پینل کی فراہمی سے متعلق عوام کو بڑی خوشخبری سنادی۔
صوبائی وزیر توانائی سید ناصرحسین شاہ کی زیر صدارت چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر سولر پینل کے حوالے محکمہ توانائی کے اعلیٰ افسران اور این جی اوز کے ساتھ مفت سولر فراہمی منصوبہ سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں وزیر توانائی کے علاوہ سیکریٹری انرجی مصدق احمد خان، سی ای او (SPHF) خالد شیخ،ڈائریکٹر سندھ سولر انرجی پروجیکٹ محفوظ قاضی سمیت مختلف این جی اوز کے سربراہان نے شرکت کی ۔
اجلاس میں ورلڈ بینک کے تعاون سے سولر پینل کی فراہمی پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ناصر شاہ نے کہا کہ رواں ماہ اگست میں ہی سولر پینل کی فراہمی شروع کردی جائے گی۔
انھوں نے سولر پینل رواں ماہ اگست میں فراہمی کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر منصوبے کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے، جلد ہر ایک ڈویژن اور ڈسٹرکٹ میں سولر پینل تقسیم کرنے کے عمل کا سلسلہ شروع کریں گے۔