سندھ حکومت کی مفت ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز
سندھ حکومت نے صوبے کے دور دراز علاقوں کے مریضوں کو صوبائی دارالحکومت کراچی منتقل کرنے کے مفت ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا۔
پہلے مرحلے میں گھوٹکی، سکھر، خیرپور سے مریضوں کو کراچی منتقل کیا جاسکے گا، بعدازاں ایئر ایمبولینس سروس کا دائرہ کار حیدر آباد، تھرپارکر، نوابشاہ ، لاڑکانہ ایئرپورٹ تک بڑھایا جائے گا۔
پیر کو صوبائی وزرا سید ناصر حسین شاہ اور سعید غنی نے سندھ لوکل کونسل ایسوسی اور اے ایس ایس ایل کے مابین ایئر ایمبولینس سروس کے معاہدے کی تقریب کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے لوکل گورنمنٹ کونسل ایسوسی ایشن کے تحت مفت ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز کردیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی سے دور 6 گھنٹے کی مسافت پر شہروں سے مریضوں کو لانا مسئلہ ہوتا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج خوشی کا دن ہے۔
ناصر شاہ نے کہا کہ صحافی جان محمد مہر پر قاتلہ حملہ ہوا تو اسے سکھر سے کراچی منتقل کرنا تھا لیکن انہیں منتقلی میں وقت لگا تو وہ جانبر نہ ہوسکے۔