خیرپور میں محکمہ جنگلات کی 24 ہزار ایکڑ زمین پر قبضے کا انکشاف
ضلع خیرپور کی دو تحصیلوں میں محکمہ جنگلات کی 24 ہزار ایکڑ زمین پر بااثر شخصیات کے قبضے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
یہ انکشاف ایک شہری کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی درخواست کے بعد سامنے ایا۔
شہری علی نواز انڑ نے سندھ ہائیکورٹ میں ایک متفرق درخواست دائر کی، جس میں انھوں نے کہا ہے کہ خیرپور کی تحصیلوں گمبٹ و سوبھودیرو میں جنگلات کی 24 ہزار ایکڑ زمین پر با اثر شخصیات کا قبضہ ہے۔
درخواست گزار کا کہنا تھا کہ با اثر شخصیات جنگلات کی زمین پر کاشت کاری کر کے لاکھوں کما رہے ہیں۔
سیکریٹری جنگلات اینڈ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ عدالت میں پیش ہوئے، اور کاربن کریڈٹ کی مد میں غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے ملنے والے فنڈز کی رپورٹ پیش کی گئی، عدالت نے سیکریٹری جنگلات کو زمینوں پر قبضے ختم کرانے کے لیے تمام اقدامات کی ہدایت کی۔
عدالت نے کہا جنگلات کی زمینوں سے قبضہ ختم کرانے کے لیے رینجرز اور سیشن جج کی مدد لی جائے، کے پی اور پنجاب میں جنگلات کی زمین کی حفاظت کے لیے فورس موجود ہے۔ سیکریٹری جنگلات نے عدالت کو بتایا کہ قانون میں ترمیم کر کے جنگلات کی حفاظت کے لیے فورس بنائی جا رہی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی مزید سماعت 4 ستمبر کو ہوگی۔