حیدرآباد کی بچی میں پولیو کی تشخیص، سندھ سے ظاہر ہونے والے کیسز تین ہوگئے
روال سال سندھ میں پولیو کا تیسرا کیس سامنے آگیا، حیدرآباد کی رہائشی بچی میں پولیو کی تصدیق ہوگئی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر (ڈی ایچ او) حیدرآباد ڈاکٹر لالا جعفر کے مطابق لیاقت کالونی کی رہائشی بچی کے پولیو سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈی ایچ او کے مطابق 29 ماہ کی منیزا بنت زبیر راجپوت کو ڈائیریا کے مرض میں مبتلا ہونے پر سول اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔
ٹانگوں میں کمزوری کی شکایت پر سیمپل ٹیسٹ کیلیے اسلام آباد لیبارٹری بھجوائے گئے تھے، جہاں قومی ادارہ صحت نے بچی میں پولیو کی تصدیق کی۔
ڈی ایچ او کے مطابق غذائی قلت کے باعث بچی پر پولیو وائرس کا حملہ ہوا۔
محکمہ صحت کے مطابق حیدرآباد میں پولیو کا کیس ظاہر ہونے کے بعد سندھ میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 3 اور ملک بھر 16 ہوگئی۔
اس سے قبل کراچی اور میرپور خاص ڈویژن میں بھی ایک ایک پولیو کیس کی تصدیق کی جا چکی ہے۔