خیرپور سے گیس کے مزید ذخائر دریافت
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع خیرپور سے گیس کے مزید ذخائر دریافت کرلیے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق ضلع خیرپور میں واقع اکھیرو- ون کے کنویں میں ہائیڈرو کاربن کے ذخائر دریافت کرلیے گئے۔
او جی ڈی سی ایل کی جانب سے ہائیڈرو کاربن کی دریافت سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔ کمپنی نے خط میں لکھا ہے کہ خیر پور ساون ساوتھ بلاک میں کنویں کی کھدائی فروری میں شروع ہوئی تھی، ساون بلاک میں گیس ذخائر تلاش کیلئے اکھیرو 1 کنویں کی کھدائی 12442 فٹ گہری ہوئی۔
آئل اینڈ گیس ڈویلمپنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) نے خط میں لکھا کہ اکھیرو 1 کنویں سے یومیہ 10 ملین اسٹینڈرڈ کیوبک فٹ گیس حاصل ہوئی، کنوئیں میں گیس کا پریشر 4 ہزار پاؤنڈ پر اسکوائر انچ ہے۔
کمپنی کے ساون ساؤتھ جوائنٹ وینچر ، نے ضلع خیرپور میں واقع اکھیرو1کنویں کے لوئر گور بی ریزروائر ریت سے گیس دریافت کی۔