جیکب آباد میں لیڈی پولیو ورکر سے ریپ کے ملزم کو عینی گواہ نے پہچان لیا

جیکب آباد میں خاتون پولیو ورکر سے ریپ کے ملزم احمد علی جکھرانی کو عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

ملزم احمد علی جکھرانی کو سیکنڈ سول جج جیکب آباد کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت عینی شاہد نہال پنہور نے پولیو ورکر سے زیادتی کے ملزم کی شناخت کر لی۔

عدالت نے مرکزی ملزم احمد علی جکھرانی کو 14 روز کیلئے جیل منتقل کرنے کاحکم دیدیا۔

دوسری جانب جیکب آباد میں انسدادِ پولیو مہم کے دوران خاتون سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ( ڈی ایچ او ) ڈاکٹر ارشاد سرکی کے مطابق پولیو ورکر خاتون کی ڈی این اے رپورٹ میں زیادتی ثابت ہو گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لمس یونیورسٹی لیبارٹری جامشورو نے زیادتی کی رپورٹ جاری کر دی ہے، یہ رپورٹ عدالت میں پیش کی جائیگی۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ خاتون اور ملزم احمد جکھرانی کے ڈی این اے میچ کر گئے ہیں۔واضح رہے کہ خاتون پولیو ورکر کو 11 ستمبر کو انسدادِ پولیو مہم کے دوران زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا۔