شاہنواز کنبھر قتل کیس میں ملوث ڈی آئی جی و ایس ایس پیز سمیت 24 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل

ضلع میر پور خاص میں ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے ماورائے عدالت قتل کے واقعے میں ملوث ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) اور دو سینیئر سپرنٹینڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پیز) سمیت 24 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرلیے گئے۔

شاہنواز کنبھر کے قتل کا مقدمہ دو روز قبل 45 افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا جس میں سابق ڈی آئی جی ، دو ایس ایس پیز اور دو انسپکٹرز سمیت دیگر 45 افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔

مقدمہ دائر ہونے کے بعد محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ڈائریکٹر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سندھ کو ایک خط لکھا گیا تھا جس میں مقدمہ میں نامزد ملزمان کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کے درخواست کی گئی تھی جس کے بعد ایف آئی اے نے ڈی آئی جی اور دو ایس ایس پیز سمیت 24 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیے۔

اسٹاپ لسٹ میں شامل کیے جانے والوں میں سابق ڈی آئی جی میرپور خاص جاوید جسکانی ،ایس ایس پی میر پور خاص اسد چوہدری ،ایس ایس پی عمر کوٹ محمد آصف رضا، ایک انسپکٹر ،4 سب انسپکٹرز،ایک ہیڈ کانسٹیبل، 12 کانسٹیبل اور 3 دیگر افراد کے نام شامل ہیں۔

ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کو میرپور خاص پولیس نے 18 اور 19 ستمبر کی درمیانی شب مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

شاہنواز کنبھر پر توہین مذہب کا الزام تھا اور ان پر عمرکوٹ تھانے میں مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔