ایف آئی اے نے پنو عاقل کے غریب دیہاتیوں کو بھکاری سمجھ کر گرفتار کرلیا

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے نے )صوبائی دارالحکومت کراچی کے ایئر پورٹ سے عمرے پر جانے والے پنو عاقل کے غریب۔ دیہاتیوں کو بھکاری سمجھ کر گرفتار کرلیا۔

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس ذرائع کے مطابق بھکاری قرار دے کر حراست میں لئے گئے میاں بیوی سمیت 10 افراد سندھ کے غریب دیہاتی نکلے جو سال کی جمع پونجی کے بعد پہلی مرتبہ عمرے کے لیے مقدس مقامات کا سفر کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق گرفتار کیے گئے غریب دیہاتیوں کے پاس 3 ہفتے بعد کا وطن واپسی کا کنفرم فضائی ٹکٹ بھی تھا۔

ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کے عملے نے 23 نومبر کو کراچی ایئرپورٹ پر پرواز نمبر جی 9549 پر سعودی عرب جاتے ہوئے 10 مسافروں کو آف لوڈ کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کیا تھا۔

حکام کے مطابق مذکورہ افراد میں محمد نواز، رحمت اللہ، ناظم الدین، ساغر خاتون، ایاز خاتون، امام زادی، ماروی خاتون، مائی حمیرا، زرینہ اور مائی خانول شامل ہیں جو ضلع گھوٹکی کے شہر پنو عاقل کے نواحی گاؤں تکراڑو کے رہائشی ہیں۔