سندھ حکومت کا 37 لاکھ بزرگ شہریوں کے لیے سینیئر سٹیزن کارڈ کا اجراء
سندھ حکومت نے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے صوبے کے 37 لاکھ بزرگ شہریوں کے لیے سندھ سینیئر سٹیزن کارڈ کا اجراء کردیا۔
محکمہ سماجی بہبود سندھ اور نادرا کی جانب سے سینیئر سٹیزن کارڈ کا اجرا کر دیا گیا۔
سندھ سینیئر سٹیزن کارڈ کے اجراء کے بعد سندھ بزرگ شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
سماجی بہبود کے وزیر میر طارق علی خان ٹالپور نے کارڈ کے اجراء کے موقع پر کہا کہ سندھ سینیئر سٹیزن کارڈ کے اجرا سے بزرگ شہریوں کو طبی سہولیات، سفر میں آسانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم ہوں گی۔
نادرا کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ سینیئر سٹیزن کارڈ 60 سال یا اس سے زائد عمر کے 37 لاکھ شہریوں کو فائدہ پہنچائے گا۔
کارڈ کے ذریعے انہیں صحت کی دیکھ بھال، سفر کی مفت سہولیات اور دیگر شہری خدمات تک بہتر رسائی فراہم ہو گی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ سینیئر سٹیزن کارڈ ہماری بزرگ آبادی کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ہمارے بزرگ شہری ہماری تاریخ اور ثقافت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں ان کے لیے عزت اور سکون کے ساتھ زندگی گزارنا ہمارا اخلاقی فرض ہے۔
اس موقع پر ڈی جی نادرا سندھ احتشام شاہد نے کہا کہ سندھ سینیئر سٹیزن کارڈ ہمارے بزرگ شہریوں کے لیے مختلف خدمات تک رسائی کو نمایاں طور پر آسان بنائے گا۔
ان کے مطابق سندھ سینیئر سٹیزن کارڈ بزرگ شہریوں کے لیے شناختی ذریعہ کے طور پر کام کرے گا، سینیئر سٹیزن کارڈ بزرگ شہریوں کو صحت کی دیکھ بھال اور سفر کے فوائد سمیت ضروری خدمات تک رسائی فراہم کرے گا۔