محکمہ کالج کے نئے 833 لیکچرز کو آفر آرڈرز دے دیے گئے

محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ کے زیر اہتمام سندھ پبلک سروس (ایس پی ایس سی) کمیشن پاس کرنے والے لیکچرارز میں آفر لیٹرز تقسیم کردیے گئے۔

تقریب میں وزیر تعلیم و ترقی معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔

صوبائی وزیر تعلیم نے ایس پی ایس سی کے تحت کامیا ب قرار دیے گئے 833 نئے لیکچرارز مین آفر لیٹرز تقسیم کیے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ طلبہ و طالبات کے لئے کالج ایجوکیشن کا مرحلہ بہت اہم ہوتا ہے۔

سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کے کچھ سرکاری کالجز میں اے۔لیول کلاسز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں تا کہ سرکاری کالجز کے طلباء بھی مزید آگے بڑھ سکیں اور مقابلے کے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

اسکاؤٹس ہال کراچی میں 11 دسمبر کو ہونے والی تقریب میں سیکریٹری کالج ایجوکیشن آصف اکرام، ڈی جی کالجز ڈاکٹر نوید ربّ صدیقی اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے نئے اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں محکمہ کالج ایجوکیشن میں خوش آمدید کہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے تمام 374 کالجز ہمارے لئے اہم ہیں، ہر کالج میں تدریسی عمل کو فعال رکھنا بے حد ضروری ہے۔

سیکریٹری کالج ایجوکیشن سندھ آصف اکرام نے تقریب میں بتایا کہ محکمے کی طرف سے 1659 خالی آسامیوں کو سندھ پبلک سروس کمیشن میں بھیجا گیا تھا، جس کے بعد 1357 اہل امیدواروں کی ایس پی ایس سی نے سفارش کی، جس کے نتیجے میں 833 امیدواروں کو ویریفکیشن مرحلے کے بعد اب آفر لیٹرز تقسیم کیے گئے۔

انھوں نے کہا وزیر تعلیم کی ہدایت پر میرپورخاص ریجن میں لیکچرارز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، کمپیوٹر سائنس کے لیکچرارز میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ تقریب میں کمپیوٹر سائنس کے 282، سندھی 219، باٹنی 119، میتھمیٹکس 106، اسٹیٹسٹکس 80، کیمسٹری 14 اور سائیکو لوجی کے 13 لیکچرارز میں آفر لیٹرز تقسیم کیےگئے۔