سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
سندھ بھر کی جیلوں میں گنجائش سے دگنے قیدیوں کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے، صوبے کے جیلوں میں 13 ہزار کی گنجائش ہے لیکن قیدیوں کی تعداد 24 ہزار تک جا پہنچی۔
قیدیوں کی تعداد دگنی ہونے سے سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کی تعداد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جیل کے مطابق صوبائی دارلحکومت کراچی کے سینٹرل جیل میں قیدیوں کی تعداد7 ہزار سےتجاوز کر چکی۔
اسی طرح کراچی ڈویژن کے ضلع جیل ملیر میں تقریباً 6 ہزار قیدی ہیں۔
ڈی آئی جی جیل کے مطابق سینٹرل جیل میں 2400 قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن وہاں 7 ہزار قیدی ہیں۔
اسی ملیر جیل میں 2200 قیدیوں کی گنجائش ہے لیکن وہاں بھی 6 ہزار قیدی ہیں۔
ڈی آئی جی جیل کے مطابق سندھ بھرکی جیلوں میں قیدیوں کی مجموعی تعداد 24 ہزار تک پہنچ گئی۔19 ہزار قیدیوں کےکیس زیر سماعت ہیں جب کہ صرف ساڑھے4 ہزار سزا یافتہ ہیں۔
ڈی آئی جی جیل کے مطابق 24 ہزار قیدیوں میں سے 80 فیصد انڈر ٹرائل قیدی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی قیدیوں کی بھی سب سے زیادہ تعداد 325 تک جاپہنچی، غیر ملکی قیدیوں کی سب سے زیادہ تعداد ڈسٹرکٹ جیل ملیر میں ہے۔